ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 20سالہ جسٹن این سولوون نامی امریکی نوجوان کا دہشت گردانہ منصوبہ تیار کرنے کا اعتراف

20سالہ جسٹن این سولوون نامی امریکی نوجوان کا دہشت گردانہ منصوبہ تیار کرنے کا اعتراف

Thu, 01 Dec 2016 12:01:19    S.O. News Service

نیویارک،30نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ایک امریکی نوجوان نے شدت پسند تنظیم ’’داعش‘‘کی حوصلہ افزائی پر دہشت گردی کرنے پر آمادہ ہونے کا اعتراف جرم کیا ہے۔وفاقی استغاثہ کے مطابق شمالی کیرولائنا سے تعلق رکھنیو الے 20سالہ جسٹن این سولوون شمالی کیرولائنا اور ورجینیا میں سیکڑوں لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کے لیے اسلحے کے استعمال کا ارادہ رکھتا تھا تاکہ وہ داعش سے اپنی وفاداری ثابت کر سکے۔اس نوجوان کو ایف بی آئی اے کے ایک خفیہ ایجنٹ نے گرفتار کیا تھا۔ منگل کو سولوون نے شمالی کیرولائنا میں ایشویل کی عدالت میں اپنے قصور کا اعتراف کرتے ہوئے کہا وہ عمر قید کی سزا کو قبول کرنے کے لیے تیار ہے۔امریکی حکام کے مطابق سولوون نے اعتراف کیا کہ اس نے داعش کے لیے آن لائن بھرتی کرنے والے عسکریت پسند جنید حسین کے ساتھ مل کر سازش تیار کی تھی اور یہ دونوں نوجوان امریکیوں سے رابطے میں رہتے تھے۔برطانوی شہری جنید حسین کو داعش کے عہدیداروں میں تیسرے نمبر کا عہدیدار تصور کیا جاتا تھا اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اگست 2015ء میں شام میں ہونے والی ایک فضائی کارروائی میں مارا گیا۔عدالت کے ریکارڈ کے مطابق سولوون نے ایف بی آئی کے خفیہ ایجنٹ کے ساتھ بھی اپنے منصوبے کا تذکرہ کیا اور اسے بھی داعش میں شامل ہونے کے لیے آمادہ کیا۔ یہ نوجوان آن لائن اسلحہ سازی سے متعلق ریسرچ بھی کرتا رہا۔ریکارڈ کے مطابق سولوون زیادہ سے زیادہ ہلاکتوں کے لیے کسی کلب، کانسرٹ ہال یا بار میں حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔سولوون کو اس طرف راغب کرنے والے جنید حسین نے اس سے کہا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ حملے کی وڈیو بھی تیار کی جائے اور سولوون اس پر بھی آمادہ ہو گیا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ سولوون پر اپنے ایک پڑوسی جان بیلی کلارک کو دسمبر 2014ء میں قتل کرنے کا بھی شبہ ہے کیونکہ جس بندوق سے یہ قتل ہوا وہ سولوون کے والد کی ملکیت ہے۔تاہم سولوون اس الزام سے انکار کرتا ہے۔


Share: